ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاجرین مخالف جماعت کے ہاتھوں میرکل کی جماعت کو شکست

مہاجرین مخالف جماعت کے ہاتھوں میرکل کی جماعت کو شکست

Mon, 05 Sep 2016 15:30:11    S.O. News Service

برلن5؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)جرمن کی ایک شمالی مشرقی ریاست میکلن بُرگ ویسٹرن پومیرینیا میں ہونے والے صوبائی انتخابات میں مہاجرین مخالف سیاسی جماعتAfDنے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین کو شکست دے دی ہے۔آج ہونے والے انتخابات کے بارے میں ابتدائی اندازوں کے مطابق چانسلر انگیلا میرکل کی قدامت پسند جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین اب ریاست میکلن بُرگ ویسٹرن پومیرینیا میں دوسری کی بجائے تیسری پوزیشن پر چلی گئی ہے۔ریاست میکلن بُرگ ویسٹرن پومیرینیاپرگزشتہ ایک دہائی سے اعتدال پسند بائیں بازو کی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہی میں علاقائی حکومت قائم ہے جبکہ میرکل کی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی کی جونیئر پارٹنر رہی ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مہاجرین مخالف جماعتAfDآلٹر نیٹیو فار ڈوئچ لینڈ نے میکلن بُرگ ویسٹرن پومیرینیامیں21فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔ یہ اندازہ جرمنی کےARDٹیلی وژن کے ایگزٹ پولز کی مدد سے لگایا گیا ہے۔ اِس ریاست میں اس جماعت نے پہلی بار انتخابات میں حصہ لیاہے کیونکہ یہ محض تین برس قبل ہی وجود میں آئی تھی۔ یہ جماعت چانسلرانگیلامیرکل کی مہاجرین دوست پالیسیوں کی سخت ناقد ہے اور یہی اسی جماعت کی انتخابی مہم کا ایک اہم نکتہ بھی تھا۔خیال رہے کہ جرمن چانسلر میرکل1990ء سے میکلن بُرگ ویسٹرن پومیرینیا سے قومی اسمبلی کی نشست پر مسلسل کامیاب ہوتی چلی آ رہی ہیں۔ اسی باعث ان کی سیاسی جماعت کی شکست کو میرکل کی پالیسیوں کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیاجا رہا ہے۔انتخابات کے نتائج کے اندازوں کے مطابق سوشل ڈیموکریٹک پارٹی SPD نے 30.5 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔ 2011ء میں ہونے والے گزشتہ انتخابات میں اس جماعت کو ملنے والے ووٹوں کی شرح 35.6 فیصدتھی۔CDUکو گزشتہ انتخابات میں 23 فیصد ووٹ ملے تھے جبکہ اس مرتبہ اسے محض 19 فیصد ووٹ ملے۔ میرکل کی جماعت کے لیے اس ریاست میں یہ اب تک کے بد ترین انتخابی نتائج ہیں۔میکلن بُرگ میں یہ انتخابات ایک ایسے وقت پر ہوئے ہیں جب جرمن سیاست دان اپنی توجہ ستمبر 2017ء کے قومی انتخابات پر مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل پانچ ریاستوں میں انتخابات ہونا ہیں اور میکلن برُگ ان میں سے پہلی ریاست ہے۔ برلن میں 18 ستمبر کو انتخابات شیڈول ہیں۔میکلن برُگ ریاست میں جرمنی کی کُل 80 ملین کی آبادی میں سے محض 1.6 ملین شہری آباد ہیں۔ اس سے قبل جرمنی کی ایک اور مشرقی ریاست سیکسنی انہالٹ میں رواں برس مارچ میں ہونے والے انتخابات میں AfD نے 24.3 فیصدووٹ حاصل کیے تھے۔


Share: